رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک بھر میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 126 افراد جاں بحق جبکہ 404 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 55 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 26 بچے شامل ہیں، جب کہ پنجاب میں 47 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 19 بچے شامل ہیں۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 295 افراد زخمی ہوئے، جن میں 68 بچے بھی شامل ہیں۔

سندھ میں 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ بلوچستان میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے 75 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے، جبکہ گرمی کی شدت سے نمٹنے کے لیے 333 ہیٹ ویو کیمپس بھی لگائے گئے، جہاں 2 ہزار 203 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 ریسکیو آپریشنز کے ذریعے 9 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں 5 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔