وزیراعظم کی زیر صدارت عالمی سطح پر کشیدگی کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام اور عوامی سہولت کے لیے اقدامات کے جائزہ اجلاس میں حکومتی حکمت عملی اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود عوام کے لیے تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور حکومت ہر ممکن حد تک عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں  نے اجلاس میں بتایا کہ ملک میں معاشی استحکام قائم رکھنے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کے بروقت فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی میں کوئی خلل نہیں آیا،قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے تمام اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ معاشی استحکام اور عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف فوری ریلیف فراہم کرتے ہیں بلکہ طویل مدتی معاشی استحکام کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی تعین کردہ قیمتوں پر تیل کی فروخت یقینی بنائیں اور اس معاملے میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے، عوام کو کسی بھی غیر معیاری یا مہنگے داموں پر تیل فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس موقع پر اجلاس کو ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر، درآمدات، فیول کی طلب اور عالمی کشیدگی کے پیش نظر عوامی ریلیف کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے پاک ایپ Pak App میں صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروایا ہے، جس کے ذریعے شہری کسی بھی علاقے میں تیل کی غیر دستیابی یا غیر قانونی مہنگے داموں کی فروخت کی شکایت فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔

اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ وزیراعظم کے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ یہ عوام کے لیے ریلیف کے اہم اقدامات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی سپلائی چینز کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عالمی کشیدگی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو مسلسل یقینی بنایا جائے۔