گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں ترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، سیاسی و سماجی رہنما اور شہری بڑی تعداد میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر 1985 میں نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوا، پہلی بار تعمیری سیاست کو فروغ ملا، سازشی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا۔ نواز شریف کے دور میں سڑکوں، ہسپتالوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کا جال بچھایا گیا، مریم نواز اسی ویژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت کی تصویر ہے۔ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبہ طلبہ، مزدوروں، ملازمین اور عام شہریوں کے لیے جدید سفری سہولیات کا انقلاب لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اگر 1998 میں ایٹمی دھماکے نہ ہوتے تو آج حالات مختلف ہوتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کینسر ہسپتال، میٹرو منصوبے، صحت و ماحولیات کے میگا پراجیکٹس، سیف سٹی، سستے گھروں کی تعمیر، پولیس ریفارمز اور سیلاب متاثرین کی بحالی جیسے منصوبے مریم نواز کی قابلِ ستائش کارکردگی کے ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کی بدولت حالیہ انتخابات میں کامیابی ملی، تین سال بعد آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام نے خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے، گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ بس سروس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی تمام ترقیاتی کامیابیوں کے پیچھے نواز شریف اور شہباز شریف کا ویژن ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا، ہر طرف ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، مگر شہباز شریف کی محنت سے پاکستان کو بچایا گیا۔ آج گفتگو ترقی، معاشی بہتری، امن اور سفارتی کامیابیوں کی ہوتی ہے۔
Prime Minister, I truly understood the service Nawaz Sharif and you rendered to Pakistan only after becoming Chief Minister. Every project I picked up carried the stamp of Nawaz Sharif and Shahbaz Sharif.
— PMLN (@pmln_org) December 6, 2025
PKLI bears your stamp. The Orange Line, Metro Bus, Speedo every major… pic.twitter.com/Vweywxqpd2
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 12 سالہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، وہاں کے عوام نے جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا۔ وزیراعلیٰ کے پی کو اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کے بجائے صوبے پر توجہ دینی چاہیے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب بھر میں مزید ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھے گا جس سے عوام کو جدید سہولیات ملیں گی اور معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔







