آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران انہیں جاری مون سون سیزن کے پیش نظر پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مختلف اداروں کے درمیان مربوط ردعمل کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے چیف آف آرمی اسٹاف کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس سسٹمز سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں "ڈیزاسٹر لینز 2026" بھی پیش کیا گیا، جس کے ذریعے ملک میں مون سون کی موجودہ صورتحال اور مختلف ممکنہ قدرتی خطرات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی جانوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے مکمل تیاری، مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت کارروائی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔