سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہونے والے 13ویں ورلڈ اربن فورم میں شرکت کریں گی، جس کا آغاز 17 مئی سے ہو رہا ہے۔ یہ عالمی فورم  اور حکومتِ آذربائیجان کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

باکو پہنچنے پر مریم نواز شریف کا استقبال حکام نے حیدر علیئیف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا۔

فورم کا موضوع “Housing the World: Safe and Resilient Cities and Communities” رکھا گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے رہنما، ماہرین اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب اس موقع پر پاکستان پویلین میں حکومت پنجاب کے فلاحی ہاؤسنگ منصوبے  اپنی چھت، اپنا گھر  کو عالمی سطح پر پیش کریں گی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ منصوبہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے سستی رہائش، جامع شہری ترقی اور پائیدار کمیونٹیز کی مثال بن چکا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ منصوبے کے تحت اس وقت ایک لاکھ 60 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں، جن میں سے ایک لاکھ مکمل ہو چکے ہیں اور متعدد خاندان ایک سال سے کم عرصے میں اپنے گھروں میں منتقل بھی ہو چکے ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں شہری ترقی، موسمیاتی تحفظ، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مریم نواز شریف عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گی، جو باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔