لاہور میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ بسیں عوام کے لیے ایک تحفہ ہیں، جن کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے اور ان میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب انہیں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ سے 500 افراد جاں بحق ہوئے ہیں تو انہوں نے تھائی لینڈ سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو فون کر کے تعاون کی پیشکش کی۔ لیکن جب آفت پنجاب پر آئی تو ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ہماری امدادی کارروائیوں کا مذاق اڑایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب خدمت کی نیت ہو تو عالمی اداروں سے امداد مانگنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔کے پی کے عوام بھی ہمارے عوام ہیں لیکن کچھ عناصر نے عصبیت کو ہوا دے کر لوگوں کو پنجاب کے خلاف اکسایا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دسمبر تک لاہور میں مزید 70 بسیں آجائیں گی، شیخوپورہ، لاہور اور قصور ڈویژن کے لیے 500 بسیں مختص کی گئی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میٹرو بس ہو یا اورنج ٹرین آغاز لاہور سے ہی ہوا ہے اور اب پنجاب کے کونے کونے میں الیکٹرک بس سروس بھی پنجاب حکومت کرنے جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور ان کا ،نوازشریف اور شہباز شریف کا گھر ہے،اس لیے لاہور بھر میں نواز شریف کی محبت اور خدمت کے آثار نظر آتے ہیں، لوگ لاہور آتے ہیں تو کہتے ہیں دوسرے ملک میں آ گئے ہیں یہ پاکستان نہیں ہو سکتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبے کی عوام حسرت سے کہتی ہے کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ ہمیں دے دیں تو ہمارے واپس لے لیں، میانوالی میں بس سسٹم نہیں تھا حالانکہ ایک شخص میانوالی سے ہی اقتدار کی کرسی پر تھا لیکن وہاں بھی یہ سہولت ہم نے ہی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتی کہ ان کو یہ کہا جائے کہ مریم نواز تو صرف لاہور کو ترقی دے رہی ہیں،اس لیے لاہور میں دی جانے والی ترقی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی گاڑی میں سی سی ٹی وی، چار جر کی سہولت اور وائی فائی نہیں ہے لیکن انہوں نے اس پروجیکٹ کے ذریعے عوام کی گاڑیوں میں یہ سب لگوا کر دیا ہے ساتھ ہی الیکٹرک بسوں میں خصوصی افراد اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہلوت بھی دی گئی ہے، جب کہ اب الیکٹرک بسیں انٹرنیٹ کی سہولیات سے آراستہ بھی ہو چکی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کو ترقی دینا ان کا مشن ہے، پنجاب میں اگرچہ تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی قلت ہے ، عوام کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔ اس کے لیے بھی پنجاب حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نےانہیں پنجاب کے عوام کی خدمت کا موقع دیا اور وہ پنجاب کے عوام سے کہنا چاہتی ہیں کہ وہ پنجاب کی ترقی کے لیے دن رات کام کررہی ہیں۔پنجاب کے 37 اضلاع میں اس وقت بغیر کسی تفریق کے 90 ہزار گھر بن رہے ہیں ۔
انہوں کے کہا کہ اپنا گھر اور اپنی چھت اسیکم کے تحت عوام کو رہائشی سہولت فراہم کر رہے ہیں، اس سکیم کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ گھر بنا کر عام عوام کو دیں گے۔
وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت صوبے کئ کونے کونے میں صفائی کو یقنی بنایا جا رہا ہے اور پنجاب بھر میں ہزاروں کلومیٹر پر محیط سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں جہاں جہاں سیوریج کا مسئلہ ہے بارش کے بعد جہاں گٹر ابل پڑتے ہیں اب وہ پورے پنجاب میں تفریق کے بغیرسیوریج کا نیا نظام لارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن میں کام ہورہا ہے , ہیلتھ میں کام ہورہا ہے ان تمام بیماریوں کے علاج کیلیے ہسپتال بن رہے ہیں جن کا علاج پنجاب تو کیا پاکستان میں بھی کہیں نہیں ہے اور ساتھ ہی لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نوازشریف کینسر ہسپتال بھی بن رہا ہے۔







