وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کے اجلاس میں صوبے میں مزید الیکٹرک بسیں، ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں پنجاب کے عوام کی سہولت کے لیے 5 ہزار الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نہ صرف الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک بڑھایا جا رہا ہے بلکہ ان کی تیاری کے لیے مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ کام شروع کر چکا ہے، جبکہ ایک سال کے دوران طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

بریفنگ کے مطابق پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی، جب کہ طالبات کے لیے ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس خود وزیراعلیٰ پنجاب ادا کریں گی۔ اس کے علاوہ صوبے کے سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔