جنید صفدر کی دوسری شادی شانزے علی روحیل سے طے پائی ہے جو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ شادی کی رسومات تین روز تک یعنی آج 16 سے لے کر 18 جنوری 2026 تک جاری رہے گی جس میں مہندی، بارات اور ولیمہ کی روایتی رسومات ادا کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق آج رات جاتی عمرہ میں مہندی کی تقریب رکھی گئی ہے جس میں شریف خاندان، شیخ روحیل اصغر کے اہلخانہ اور قریبی رشتہ داروں کی شرکت متوقع ہے۔ تقریب میں معروف ڈانسر وہاب شاہ خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے۔
تقریب کے لیے تقریباً 350 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، جب کہ شریف خاندان کی جانب سے روایتی دیسی پکوانوں کا خصوصی اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر شادی کا ڈیزائن شدہ کارڈ بھی وائرل ہوا تھا جس کے مطابق جنید صفدر کا ولیمہ 18 جنوری 2026 بروز اتوار دوپہر 1 بجے جاتی عمرہ شریف فارمز میں ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ جنید صفدر کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل ان کی پہلی شادی معروف بزنس مین سیف الرحمٰن کی صاحبزادی سے ہوئی تھی، جو 2023 میں طلاق پر اختتام پذیر ہوئی۔
سوشل میڈیا صارفین شادی کی تقاریب، مہندی کے انتظامات، وائرل کارڈ اور دونوں خاندانوں کے تعلقات پر تبصرے کر رہے ہیں، جب کہ سیاسی مبصرین اس رشتے کو شریف خاندان اور شیخ روحیل اصغر کے درمیان قریبی معاشرتی و سیاسی روابط کے ایک نئے باب کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔







