میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف منظم انداز میں ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے پر کس کو تکلیف ہوئی اور کون یہ نہیں چاہتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جس طریقے سے وزیراعلیٰ بنے، وہ سب کے سامنے ہے۔ میں سہیل آفریدی کے ساتھ قانونی طور پر کھڑا رہا ہوں۔
سلمان اکرام راجہ نے مشال یوسفزئی کو جھوٹا کہہ دیا۔۔۔۔۔ کہا کہ مشال نے جھوٹ بولا ہے اسکو اپنے جھوٹ کا حساب دینا ہوگا۔۔۔۔۔ pic.twitter.com/lHyYbLDo6P
— Mehwish Qamas Khan (@MehwishQamas) February 3, 2026
سلمان اکرم راجا سے جب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے اس بیان سے متعلق سوال کیا گیا کہ مشال یوسفزئی عمران خان اور پی ٹی آئی کی وفادار نہیں ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ مشال جن کی ہدایات پر جھوٹ بولتی ہیں، وہ انہی کی ذمہ داری پوری کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق مشال یوسفزئی عمران خان کی خیرخواہ نہیں ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مشال یوسفزئی کا علیمہ خان سے متعلق بیان لغو اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ عمران خان کی بہنیں ان کے لیے خلوص کا حصار ہیں اور جو شخص جھوٹ بولتا ہو وہ عمران خان کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا علیمہ خان کے کہنے پر ختم کرنے کا دعویٰ بالکل جھوٹ ہے۔ جو جھوٹ بولتا ہے اسے اس کا حساب دینا ہوگا اور مشال یوسفزئی سے 8 فروری کے بعد بازپرس کی جائے گی۔
عمران خان صاحب کی فیملی کی طرف سے سلمان اکرم راجہ صاحب کو رات دو بجے کے قریب میسج دیا گیا کہ اڈیالہ کے باہر دھرنا ختم کیا جائے۔۔ پارلیمیٹیرینز دھرنا ختم نہیں کرنا چاہتے تھے۔۔ مشال یوسفزئی صاحبہ pic.twitter.com/sU4sCxqT2V
— Rai Saqib Wazir Kharal (@iRaiSaqib) January 31, 2026
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں شریک مشال یوسفزئی نے انکشاف کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کی جانب سے سلمان اکرم راجا کو رات تقریباً دو بجے پیغام دیا گیا تھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر جاری دھرنا ختم کر دیا جائے، جب کہ پارلیمنٹیرینز دھرنا ختم کرنے کے حق میں نہیں تھے۔
مشال یوسفزئی کے مطابق تمام پارلیمنٹیرینز نے دھرنا ختم کرنے کی مخالفت کی تھی، تاہم سلمان اکرم راجا نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے، جس کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور تمام شرکا واپس چلے گئے۔







