مصری وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی، نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ نور خان ایئر بیس پر ایڈیشنل سیکرٹری (افغانستان اور مغربی ایشیا) سید علی اسد گیلانی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اپنے قیام کے دوران مصری وزیرِ خارجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ تفصیلی وفد سطح مذاکرات کریں گے، جس میں علاقائی پیش رفت اور دوطرفہ تعاون پر مشاورت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ وہ وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر مسلسل ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔

مصری وزیرِ خارجہ کے ہمراہ سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان اپنے دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر اہم بات چیت کریں گے۔

وزرائے خارجہ کے اس مشترکہ اور بیک وقت دورے کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جاری تناؤ کو کم کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنا ہے۔

واضح رہے کہ  یہ دورہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اسلامی دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ مل کر اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔