پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز سمیت دیگر بین الاقوامی ایئر لائنز نے احتیاطی اقدامات کے تحت اپنے فلائٹ آپریشن میں تبدیلیاں کیں۔ حکام کے مطابق پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی کم از کم 46 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں سے 21 منسوخ جبکہ 25 تاخیر یا عارضی معطلی کا شکار رہیں۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں 14 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 6 منسوخ، 5 تاخیر کا شکار اور 3 معطل کی گئیں۔ اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 12 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 5 منسوخ، 4 تاخیر اور 3 معطل ہوئیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی 10 پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 10 پروازیں متاثر ہوئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فجیرہ، دبئی اور دوحہ جانے والی پروازیں زیادہ متاثر ہوئیں، جبکہ بعض ایئر لائنز نے آخری وقت میں اپنے شیڈول تبدیل کیے۔ فضائی حدود کی جزوی بندش اور سکیورٹی خدشات کے باعث ایئر لائنز کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑے، جس سے پروازوں کا دورانیہ اور ایندھن کے اخراجات دونوں بڑھ گئے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ فجیرہ کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب مسافروں کی جانب سے شکایات بھی سامنے آئی ہیں کہ انہیں بروقت معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث کئی افراد کو مالی نقصان اور متبادل سفر کے انتظام میں مشکلات پیش آئیں۔

ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل متعلقہ ایئر لائن سے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔ حکام کے مطابق جیسے ہی سکیورٹی حالات بہتر ہوں گے، مرحلہ وار فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا جبکہ آئندہ 48 گھنٹے اس حوالے سے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔