ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں تمام معاملات پر اتفاق کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کریں گی، جب کہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتہ کے روز منعقد ہوگا۔

مذاکرات کے دوران پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مرکزی صدر حاجی شیر علی چوہدری سمیت دیگر عہدیداروں نے مصالحتی قرارداد پر دستخط کیے۔

فیصلے کے بعد مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے تعاون کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور عوام کے لیے بہتر حالات کو یقینی بنانا ہے۔

مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندے محمد ریاض خان تاجک، چوہدری مقبول حسین، رانا طارق مشتاق، ملک اعجاز، ملک معروف، سیف شاہ دین گجر، فیصل بشیر بھٹی، ملک جاوید اور حاجی پرویز اعوان بھی شریک تھے۔