تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں میرپور سے کارکن راولاکوٹ کے علاقے دریک تک مارچ کریں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 27 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 27 جولائی کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مرحلہ وار انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہونا ہے۔
عابد شاہین نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ لانگ مارچ کا مقصد انتخابات کو متاثر کرنا یا کسی سیاسی جماعت کے مفادات کو تقویت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کو انتخابی عمل میں کوئی دلچسپی نہیں، تاہم مئی میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دوران انتخابات میں حصہ لینے پر اتفاق ہوا تھا لیکن بعد میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ تنظیم انتخابی عمل کا حصہ نہ بن سکی۔
انہوں نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندے تنظیم کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
عابد شاہین کے مطابق دریک میں جاری دھرنے میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں، تاہم 27 جولائی کو مظفرآباد کی جانب روانہ ہونے والے لانگ مارچ میں خواتین اور بچوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب مذاکرات میں شریک حکومتی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا بنیادی مطالبہ تنظیم پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنا تھا، تاہم حکومت نے واضح کیا کہ تنظیم کے طرزِ عمل کا چھ ماہ تک جائزہ لینے کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی نمائندے کے مطابق تنظیم نے اپنے کارکنوں کے خلاف قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا، لیکن حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ ان مقدمات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی اور حکومت انہیں واپس نہیں لے سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تنظیم کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مقدمات میں نامزد افراد کی عدالتوں تک رسائی کے معاملے میں سہولت فراہم کی جا سکتی ہے، جبکہ امن و امان کے خدشے کے تحت نظر بند افراد کی مشروط رہائی احتجاج ختم کرنے سے مشروط ہوگی۔
ادھر میرپور رینج کے ڈی آئی جی کامران نے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے، جبکہ ایف سی اہلکاروں کو بھی مختلف حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میرپور ڈویژن میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی۔







