لاہور میں بسنت کے موقع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی چھت سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت ملک زین کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر تقریباً 38 سال بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملک زین بسنت مناتے ہوئے چھت پر موجود تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث نیچے گر گئے۔ انہیں شدید زخمی حالت میں فوری طور پر گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق متوفی کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہو گئی، بعد ازاں دل کا دورہ بھی جان لیوا ثابت ہوا۔
واقعے کے بعد اہلِ خانہ میں کہرام مچ گیا، جب کہ صحافتی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔







