وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان قومی مفادات کے خلاف ہے اور اس پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے اور ان کے بیانات ریاستی اداروں اور قومی مفادات کے خلاف ہیں۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ماضی میں بھی ریاستی اداروں اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پارٹی نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے دوچار کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور عالمی مالیاتی ادارے کے باہر احتجاج بھی کیے۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ کچھ عناصر قومی کامیابیوں کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی حالیہ کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے، تاہم بعض حلقے اسے بھی متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی، استحکام اور معیشت کے خلاف کسی بھی اقدام پر قانون کے مطابق کارروائی کرے گی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نورین نیازی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم کے سلسلے میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے اسلام آباد میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور تضحیک آمیز مواد کی تشہیر سے متعلق انکوائری جاری ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ متعلقہ فریق اپنے دفاع میں کچھ پیش نہیں کرنا چاہتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نورین نیازی کا پاک فوج اور معرکۂ حق سے متعلق ایک متنازع بیان سامنے آیا تھا۔
Noreen Khan Niazi, sister of former Pakistan prime minister Imran Khan, has described last May’s military confrontation between Pakistan and India as a “staged drama”, alleging that it formed part of a wider effort to persuade Pakistan to recognise Israel. She claimed that Indian… pic.twitter.com/dalVohSAyA
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) July 17, 2026
ایک انٹرویو میں نورین نیازی نے دعویٰ کیا تھا کہ معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا گٹھ جوڑ تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس تمام عمل کا مقصد پاکستان سے اسرائیل کو تسلیم کرانا اور ابراہم معاہدوں کی راہ ہموار کرنا تھا۔
واضح رہے کہ نورین نیازی نے اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے تھے، ان میں شامل الزامات اور دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔







