مغربی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے جنوبی ایشیا اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کے ممکنہ دورۂ اسلام آباد سے متعلق سوال کے جواب میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ ایک حساس سفارتی معاملہ ہے اور امریکا اس پر میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔

کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی صورتحال میں ممکنہ ملاقاتوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو اس وقت تک حتمی نہیں سمجھنا چاہیے جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ اعلان نہ کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ایران سے متعلق ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ فریقین رضامند ہوں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔