ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی اختلافات کے باوجود قومی معاملات پر رابطوں اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کوششوں کے باعث کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے اور امن کے لیے اقدامات جاری رہنے چاہییں۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمان سے تعزیت بھی کی، مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مرحوم امیر العظیم کی سیاسی و سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی وفات جماعت اسلامی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست رجسٹر
حافظ نعیم الرحمان نے بھی ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال، عوامی مشکلات اور قومی معاملات پر جماعت اسلامی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اور مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔







