وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے شیاؤ شین ایئرپورٹ، ہانگژو پہنچنے پر ژجیانگ کے نائب گورنر شو وینگوانگ، چین میں پاکستان کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیرِ اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری وانگ ہاؤ سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے، جب کہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں، وزیرِ اعظم مختلف معروف چینی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے چار روزہ دورہء چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) May 23, 2026
شیاؤ شین ائیرپورٹ ہانگژو پہنچنے پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ (Xu Wenguang)، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا.… pic.twitter.com/dAEW079sve
وزیرِ اعظم چینی ای کامرس کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے اور باہمی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم بیجنگ جائیں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران ممتاز چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کے علاوہ چائنا اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کا دورہ بھی کریں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔






