گرین لائن بی آر ٹی روٹ پر خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے خصوصی بائیکس تیار کی جا رہی ہیں جو انہیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ  خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے سندھ حکومت نے پنک بس سروس کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، نمائش سے سرجانی تک پنک بی آر ٹی بسیں شروع ہو چکی ہیں اور جلد ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی اور گرین لائن میں بھی پنک بسیں چلیں گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ بھی اپنے صوبوں میں خواتین کے لیے ایسی سہولتیں متعارف کرائیں۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ خصوصی بائیکس کی تقسیم کا عمل روزانہ کی میٹنگز کے ذریعے تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید اعلان کیا کہ ڈبل ڈیکر بسیں اگلے ہفتے سندھ پہنچ جائیں گی، جو ابتدائی طور پر شارع فیصل پر چلیں گی، جب کہ ضرورت پڑنے پر دیگر روٹس تک توسیع کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کوریڈور اور بی آر ٹی سسٹم میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر نئی بسیں چلائی جا رہی ہیں جن پر شہریوں کا مثبت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ تمام حل طلب امور طے پا چکے ہیں اور جلد کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں ٹرانسپورٹ منصوبوں کے حوالے سے ایک اوپن بریفنگ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسانوں کو مفت کھاد فراہم کر رہی ہے، جس سے گندم کی کاشت میں اضافہ ہوگا۔

مزید کہا کہ چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت 21 لاکھ سیلاب متاثرین کے گھروں کی ملکیت خواتین کے نام منتقل کی گئی ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے شروع کیا گیا تھا جسے سابق صدر آصف علی زرداری نے متعارف کرایا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماضی میں سیاست میں خاندانوں کو شامل نہیں کیا جاتا تھا، لیکن آج غیر مناسب تنقید کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے فریال تالپور کی گرفتاری اور چاند رات کے موقع پر جیل منتقلی کو غلط قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کی خواتین احترام کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، لہٰذا اب اس وعدے پر عمل کیا جائے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر طبقے کی فلاح کے لیے کام کر رہی ہے اور ٹرانسپورٹ میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔