انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کیگسیز، ترکیہ کی پارلیمنٹ کے رکن برہان قایاترک اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
تین روزہ دورے کے دوران وزیرِ اعظم نے تینوں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں جبکہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔
دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی و سفارتی تعاون، اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی شامل تھے۔







