دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کو اپنے حالیہ دورۂ چین اور وہاں علاقائی و بین الاقوامی امور پر ہونے والی مشاورت سے بھی آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پہلے ضبط کیے گئے جہازوں سے ایرانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس ضمن میں پاکستان کی مسلسل سفارتی اور انسانی امداد کو سراہا۔

دوسری جانب ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا، جب کہ مذاکرات اور سفارت کاری کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ارنا کے مطابق فریقین نے خطے میں استحکام برقرار رکھنے اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔