اپنے ویڈیو پیغام میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو خوش آمدید کہتے ہیں، پچھلی بار علی امین گنڈاپور آئے تھے تو انہیں بتیاں دکھائی تھیں۔
وزیراعلیٰ کے پی چاہیں تو لاہور کی روشنیاں دیکھیں، روٹی کھائیں، تصویریں بنوائیں اور جو کچھ پنجاب میں دیکھیں وہ جا کر کے پی میں لاگو کریں، کیونکہ خود خیبرپختونخوا کابینہ کہہ چکی ہے کہ پشاور بہت گندا ہے اسی لیے وہ یورپ دیکھنے کی خاطر لاہور آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو ہر طرح کی سیاسی یا معلوماتی تفریح کی اجازت ہے، لیکن اگر بدزبانی، فساد یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی تو پھر ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کی لاہور آمد پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی میڈیا سے گفتگو۔۔۔ pic.twitter.com/kX7gMK8sfo
— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) December 26, 2025
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ لاہور آکر سیکھیں، خوش ہوں اور ویک اینڈ گزار کر واپس جائیں۔ ویسے بھی سہیل آفریدی فتنہ خان سے بڑے لیڈر نہیں، جب بھی فتنہ خان نے باہر نکلنے کی کال دی تو کتنے لوگ نکلے؟
انہوں نے کہا کہ لبرٹی مارکیٹ خوبصورت سجی ہوئی ہے، کرسمس ٹری اور لائٹیں لگی ہوئی ہیں۔ یہ سب دیکھیں لیکن پودے نہ توڑیں، کیونکہ ان کے ساتھ اگر جنگلی لوگ آئیں گے تو یہ غلط بات ہوگی۔ پنجاب یا لاہور میں کسی سیاسی سرگرمی کی آڑ میں اسلحہ اور منشیات لانے کی اجازت نہیں ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جب گنڈاپور پنجاب آئے تھے تو انہیں ہر طرح کی سہولت دی گئی۔ آج لاہور پولیس نے وزیراعلیٰ کے پی کے اسٹاف سے خود رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا۔ ہم مہمانوں کی اچھی خاطر تواضع کریں گے، لیکن مہمان بھی مہمان بنیں۔






