نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق، خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر مزمل اسلم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صحت کارڈ پلس پروگرام پر بریفنگ لی اور اس دوران تین ارب روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے احکامات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے محکمہ خزانہ نے فنڈز ریلیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
مزمل اسلم نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حلف اٹھاتے ہی عوام کے لیے صحت کارڈ پلس کی سہولت بحال کر دی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے صحت کارڈ کے لیے 41 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو پچھلے سال کے 36 ارب روپے کے مقابلے میں زیادہ ہیں، جب کہ اب تک چار ماہ میں 9.65 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ویژن علاج سب کے لیے اور مفت برقرار رہے گا، جب کہ سوشل میڈیا پر صحت کارڈ معطلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت علاج کی سہولیات حسب معمول جاری ہیں۔







