تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ فلم سٹی کا یہ منصوبہ ملک کا پہلا مکمل اینڈ ٹو اینڈ میڈیا پروڈکشن ہب ہوگا۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کی فلمی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، سہولیات اور وسائل فراہم کر کے اس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے تمام جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی، جب کہ وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرونِ ملک انحصار بھی کم کیا جائے گا۔
"وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا"
— PMLN (@pmln_org) April 26, 2026
📌پنجاب فلم سٹی لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جارہا ہے
📌فلم سٹی منصوبہ ملک کا پہلا مکمل "اینڈ ٹو اینڈ" میڈیا پروڈکشن ہب ہے ، مریم نواز شریف
📌پاکستان کی فلمی صنعت کی… pic.twitter.com/F6wB24ilTA
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ منصوبے میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز اور پوسٹ پروڈکشن لیبز بھی شامل ہوں گی۔ فلم سازی کے لیے مختلف سیٹس، مکمل سہولیات اور ایک مرکزی جھیل بھی تعمیر کی جائے گی۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے انعقاد کے لیے کنونشن ہال بھی قائم کیا جائے گا۔ میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک اسکول بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ اس منصوبے سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جدید فلم سٹی کے قیام سے اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔ یہ منصوبہ تخلیقی معیشت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جو ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جب کہ اس کی مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔







