اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہر سرکاری محکمہ تین ماہ کے اندر ملازمین سے متعلق تمام انکوائریاں مکمل کرنے کا پابند ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومتی نظام میں تاخیر اور غیر شفافیت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں راولپنڈی میں پنجاب کا دوسرا بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور پنجاب کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
اجلاس میں ایک سال کے اندر 2300 نوجوانوں کو سکل پروفیشنلز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
پنجاب کابینہ نے لاہور میں جدید اور ماڈرن ٹریفک لائٹس نصب کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں تمام سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کے تحفظ کے لیے زیبرا کراسنگ بنانے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں تمام سڑکوں پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر پُر کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی لائٹس سے روکنے والے ٹریفک وارڈن کے لیے ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔
اجلاس میں امتحانی نظام کو شفاف اور معیار کے مطابق بنانے کے لیے پنجاب کی پہلی خودمختار امتحانی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانات میں شفافیت سے طلبہ کا اعتماد بحال ہوگا۔
صوبائی کابینہ نے سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کے لیے الاؤنس 500 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکولوں میں ہیڈ ٹیچرز کی میرٹ پر تعیناتی اور پرفارمنس چارج الاؤنس دینے کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب کابینہ نے لائیو اسٹاک کمپنی قائم کر کے مویشیوں کی ایکسپورٹ کا ہدف مقرر کیا۔ وزیراعلیٰ نے گندم کاشت کا ہدف بروقت اور دیگر صوبوں سے پہلے مکمل کرنے پر وزیر زراعت عاشق کرمانی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
"وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کا 31 واں اجلاس"
— PMLN (@pmln_org) December 15, 2025
🔸شفافیت،تعلیم، ٹیکنالوجی ،صحت، انفراسٹرکچر، نوجوانوں کی ترقی، روزگار اور عوامی سہولت کے اہم فیصلے
🔸وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہر محکمے کو ملازمین کی انکوائری تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
🔸پنجاب… pic.twitter.com/85hYq4yveG
چیف منسٹر پنجاب لائیو اسٹاک ای کریڈٹ اسکیم کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں ہولی فیملی ہسپتال فیصل آباد کے لیے ضروری آلات کی خریداری، 100 بیڈز مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال مری کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرنے، گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سمیت مختلف اداروں سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کو ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشین فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے چیچہ وطنی، کمالیہ، پیر محل، شورکوٹ روڈ 46 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ضلع قصور کی 66 ترقیاتی اسکیمیں اے ڈی پی میں شامل کرنے اور مختلف اضلاع میں نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ دینے کی پالیسی کی منظوری دی گئی۔ مساجد اور مدارس کے اخراجات کے لیے 742 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک پائی کی کرپشن بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرکاری خزانہ عوام کی امانت ہے، ہم کسی کرپشن کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ فنڈز کے استعمال پر ہم سب اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں۔
انہوں نے پی ایچ اے لاہور کے ڈی جی راجہ منصور احمد خان اور ان کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر شاباش بھی دی۔
اجلاس میں مختلف محکموں میں بھرتیوں، پابندیوں میں نرمی، بورڈ آف گورنرز اور چیئرپرسنز کی تعیناتی، قوانین و ایکٹس میں ترامیم، عدالتوں کے قیام، ہاؤسنگ، ماحولیات، منرلز، واٹر بورڈ، آٹزم اسکول، فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وویمن ہاسٹل اتھارٹی، نارکوٹکس قوانین، لیبر قوانین، پولیس رولز اور متعدد دیگر انتظامی، قانونی اور مالی امور کی منظوری دی گئی۔






