سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفد نے عمرہ کی ادائیگی سے قبل خانہ کعبہ کی زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی، جہاں عبادات اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر اراکین وفد نے عمرہ ادا کیا اور پاکستان کی سلامتی، معاشی استحکام، قومی یکجہتی اور عوام کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے دعا مانگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی، دہشت گردی کے خاتمے، اقتصادی بہتری اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔
یہ دورہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کرنا ہے۔
وزیراعظم کی جدہ آمد پر مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، پاکستانی سفارتی حکام اور سعودی حکام بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت سے اہم ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، جن میں سرمایہ کاری، توانائی، تجارت، افرادی قوت، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی امن کے حوالے سے روابط کو مزید وسعت دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ بھی انہی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔







