وزیراعظم نے ہفتہ وار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا ردوبدل کی سمری موصول ہونے پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھی ہیں، تاہم اس بار عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق جتنا ممکن ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچایا جائے گا۔ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے، جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بطور خادمِ پاکستان، ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ#ARYNews pic.twitter.com/6U0oh5ISku
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) March 13, 2026
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بچت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کے باعث خام تیل کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار میسر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد وصولی نہ کرے۔ انہوں نے دعا کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔






