وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے پاکستان اکنامک سروے باضابطہ طور پر جاری کر دیا، جس کی کاپی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو پیش کی۔ اقتصادی سروے کو وفاقی بجٹ سے قبل ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے اہم دستاویز تصور کیا جاتا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے دوران انہیں پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کی باضابطہ رپورٹ پیش کی گئی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، مالیاتی اصلاحات اور آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقتصادی سروے میں ملک کی مجموعی معاشی کارکردگی، شرح نمو، زراعت، صنعت، خدمات کے شعبے، مالیاتی نظم و نسق، مہنگائی، برآمدات، درآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار سمیت متعدد اہم شعبوں کا تفصیلی جائزہ شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اقتصادی اشاریوں کی بنیاد پر گزشتہ مالی سال کے دوران ہونے والی پیش رفت اور درپیش چیلنجز کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ میں حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری، مالیاتی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے، جبکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور اصلاحاتی پروگراموں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی سروے کی تیاری میں وزارت خزانہ، ادارہ شماریات اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی اصلاحاتی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے جامع معاشی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: صومالیہ میں پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری، معاملہ انتہائی پیچیدہ مگر حکومت متحرک ہے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز کے باوجود حکومت نے استحکام کی جانب پیش رفت کی ہے اور آئندہ مالی سال میں بھی معاشی بہتری کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  پاکستان اکنامک سروے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ اس میں شامل اعداد و شمار اور معاشی رجحانات آئندہ مالی سال کی پالیسی سازی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یاد ر رہے کہ اقتصادی سروے کے اجرا کے بعد حکومت مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ پیش کرے گی، جس میں ٹیکس پالیسی، ترقیاتی اخراجات، مالیاتی اہداف اور مختلف شعبوں کے لیے حکومتی ترجیحات کا اعلان کیا جائے گا۔