وزیراعظم آفس کے مطابق قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل جاسم آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کے موجودہ حالات پر کھل کر گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران علاقائی استحکام کو یقینی بنانے اور امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن کی کوششوں میں قطر کا کردار ہمیشہ قابلِ قدر رہا ہے۔
انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امیرِ قطر کے پاکستان کے متوقع دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔






