وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تقرری موجودہ دور کے عسکری تقاضوں اور جدید جنگی ضروریات کے عین مطابق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعیناتی سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، جب کہ معرکۂ حق میں شاندار کامیابی نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر سربلند کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی ثابت قدم قیادت نے قومی سلامتی کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ائیر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع ملنے پر مبارکباد دی۔

 انہوں نے کہا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سربراہی میں پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے جنگی طیارے تباہ کیے بلکہ معرکۂ حق میں دشمن پر اپنی بھرپور برتری بھی ثابت کی۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، دفاعی حکمتِ عملی اور بروقت کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام قومی ادارے یکجا ہو کر کام کریں گے اور ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور ساتھ ہی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ صدرِ مملکت نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے۔