دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے نویں اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں دنیا بھر سے سیاسی رہنما، سرمایہ کار اور پالیسی ساز شریک ہوں گے۔ اجلاس میں معاشی شمولیت، جدت، پائیداری اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پائیدار ترقی کے وژن کو اجاگر کریں گے، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ اقتصادی سفارتکاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔