انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل سمندر اور خشکی دونوں اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نظام جدید رہنمائی کے آلات اور اعلیٰ درجے کی مانورنگ خصوصیات سے لیس ہے۔

فلائٹ ٹیسٹ کے مشاہدے میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینئر سائنس دانوں، انجینئرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ تجربے کی کامیابی پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان نیوی کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا اور دیگر سروس چیفس نے کامیاب تجربے پر تمام متعلقہ یونٹس، سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 30 ستمبر کو پاکستان آرمی نے 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے، مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 کروز میزائل کا تربیتی تجربہ بھی کامیابی سے کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-4 جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹمز سے لیس ہے، جو اسے زمین کے ساتھ ساتھ پرواز کرنے کی خصوصیت کے ذریعے دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بچنے اور اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔