پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی ماحول میں چستی، درستگی، حالات سے مکمل آگاہی اور بروقت فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے گفتگو کے دوران ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی اور سخت، مقصد پر مبنی اور مشن اورینٹڈ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاک فوج ملک کو درپیش تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔

اس سے قبل گوجرانوالہ پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔