وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ناقابل شکست رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے جو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

چین کے چھہتر ویں یومِ قومی کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر میں ان کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مستحکم بنانے کا باعث بنا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مکمل طور پر پُرعزم ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو کامیابی سے آگے بڑھایا جائے۔ یہ منصوبہ باہمی تعاون کا ایک انقلابی ستون ہے اور اب پانچ نئی راہداریوں کے ساتھ دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ 1951 سے ایک شاندار تاریخ رکھتی ہے جو باہمی اعتماد، قربانی اور خلوص کی عکاس ہے۔