گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جو حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں کو پہنچ چکے ہیں۔۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا، جب کہ انہوں نے آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روشن، مستحکم اور امید افزا مستقبل کے مشترکہ وژن کا اظہار کیا گیا۔