میچ آج دمبولا میں کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث پہلے ٹاس میں تاخیر ہوئی اور بعد ازاں امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ میچ کا ایک بھی گیند پھینکی نہ جا سکی۔
واضح رہے کہ تین میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 11 جنوری کو دمبولا میں ہی کھیلا جائے گا، جو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
Match abandoned 🌧️
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 9, 2026
2nd T20I between Pakistan and Sri Lanka in Dambulla called off due to rain 🏏#SLvPAK #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/tP0ASJjnyl
قومی ٹیم کے تمام آئندہ ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کھیلے جانے ہیں، جس کے باعث یہ سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور مختلف ٹیم کمبینیشنز آزمانے کا اہم موقع فراہم کر رہی ہے۔
سیریز کا ایک بنیادی مقصد قومی سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کے انتخاب میں مدد فراہم کرنا بھی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کو آزما رہی ہے تاکہ ایک متوازن اور مؤثر ٹیم تشکیل دی جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف حالیہ 6 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سیریز نہ صرف نتائج کے اعتبار سے اہم ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع بھی ہے۔
پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نافے (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، وسیم ایوب، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق شامل ہیں۔







