ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تناؤ، سفارتی پیش رفت اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مسلسل اور مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تنازعات کا حل صرف بات چیت اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے، اور پاکستان اسی اصول پر قائم ہے۔

گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں قریبی رابطہ اور ہم آہنگی نہایت اہم ہے۔

 دونوں ممالک نے آئندہ دنوں میں بھی اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھنے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزارت خارجہ کی مشرق وسطیٰ کے تنازع پر قیاس آرائیوں سے گریز کی اپیل

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی سفارتی روابط خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کے تحت خطے میں توازن، مذاکرات اور امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ دوست ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔