مصری وزیرِخارجہ بدر عبدالعاطی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ باہمی تجارت تقریباً 30 کروڑ ڈالر ہے، جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کے مقابلے میں ناکافی ہے، اسی لیے اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مؤثر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بدر عبدالعاطی کا دورہ دونوں ممالک کی طویل المدتی دوستی اور تاریخی تعلقات کا عکاس ہے۔ آج ہونے والی بات چیت میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے شیئر کی جانے والی کاروباری اداروں کی فہرست مصر کے ساتھ تجارت کے نئے دروازے کھولے گی۔ دونوں ممالک نے اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے، شراکت داری کے نئے راستے تلاش کرنے اور تعاون کے منظم فریم ورک پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر علاقائی صورتحال بھی زیرِ غور آئی، خاص طور پر غزہ کی سنگین صورتحال پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، مصر کے انسانی ہمدردی کے کردار اور سفارتی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مصری وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں پاکستان کو ’دوسرا گھر‘ قرار دیتے ہوئے حالیہ دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔
بدر عبدالعاطی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ مصر تعلقات کو تزویراتی سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔
مصری وزیرخارجہ نے 2010 سے غیر فعال مشترکہ وزارتی کمیٹی کو دوبارہ بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور مصر مستقبل کے روڈ میپ پر اتفاق کرتے ہوئے سیاست، تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی، مذہب اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں عملی تعاون بڑھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور مصری ہم منصب کی تفصیلی ملاقات: جامعۃ الازہر کی اسکالرشپس کی تعداد دگنی کی جائے گی
بدر عبدالعاطی نے کہا کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے انہیں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں شراکت داری کی کوئی حد نہیں۔
اسحاق ڈار نے بھی امید ظاہر کی کہ اس دورے سے پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی، تجارتی، دفاعی اور عوامی سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی بھائی چارے کو عملی تعاون میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بدر عبدالعاطی آج وزارت خارجہ پہنچے، جہاں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم دوطرفہ مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔







