سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت آصف علی زرداری نے فن لینڈ کے 108 ویں یوم آزادی کے موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے نام پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے بھی میں آپ کو اور جمہوریہ فن لینڈ کے عوام کو فن لینڈ کے 108 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اپنی آزادی کے بعد سے فن لینڈ نے تعلیم، ٹیکنالوجی، جدت (انوویشن)، تحقیق، بائیو ٹیکنالوجی، جنگلات اور کئی دیگر شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل آٹھ برس تک ’گلوبل ہیپی نیس انڈیکس‘ میں سرفہرست رہنا فن لینڈ کے عوام کی غیر معمولی صلاحیت، ثابت قدمی اور تخلیقی قوت کا مظہر ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ فن لینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، ہم بڑے عالمی امور پر ہم خیال ہیں اور جمہوری تکثیریت اور اقتصادی لبرل ازم کی مشترکہ قدروں کے امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعاون خصوصاً تجارت، تعلیم، ’گرین ٹرانزیشن‘، ڈیجیٹلائزیشن، مائننگ اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیاسی، تجارتی اور عوامی سطح کے روابط کے فروغ کے لیے جمہوریہ فن لینڈ کے ساتھ قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، ہماری دلی خواہش ہے کہ آئندہ برسوں میں ہمارے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں۔