پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ تجربہ حالیہ دنوں میں کیا گیا۔ تجربے کے دوران میزائل نے زمین کے قریب رہتے ہوئے 750 کلومیٹر فاصلے تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
فتح فور کروز میزائل جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹمز سے لیس ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کی ٹیرین ہیگنگ یعنی زمین سے قریب پرواز کرنے کی صلاحیت اسے دشمن کے فضائی دفاعی نظام سے بچنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ صلاحیت میزائل کو راڈار کی نظروں سے اوجھل رہنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔
تجربے کا مشاہدہ چیف آف جنرل اسٹاف سمیت سینئر عسکری افسران، دفاعی سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔
تجربے کے بعد صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے قوم، سائنس دانوں اور فوجی قیادت کو مبارک باد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح فور میزائل پاکستان آرمی کے روایتی میزائل نظام کی رینج، مؤثریت اور بقا کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترجمان کے مطابق اس میزائل کی شمولیت پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط اور خود انحصار بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
واضع رہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ ملکی دفاعی صلاحیت میں اضافے اور تکنیکی ترقی کے تسلسل کا مظہر ہے۔ مستقبل میں فتح فور جیسے میزائلوں کی تیاری اور بہتری سے دفاعی نظام مزید مستحکم کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔







