ایوانِ صدر کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جہاں صدر نے انہیں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کا خیر مقدم کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان مسلسل روابط دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مثبت پیش رفت کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پڑوسی ممالک کے طور پر تعاون دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے۔
صدر مملکت نے انڈیاکے ساتھ جنگ کے دوران ایران کی مستقل حمایت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
President Asif Ali Zardari received Dr. Ali Ardashir Larijani, Secretary of Iran’s Supreme National Security Council, at Aiwan-e-Sadr. The two sides discussed bilateral relations, regional security, counterterrorism cooperation, the IP Gas Pipeline & enhanced economic engagement. pic.twitter.com/1JU6gSut9g
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 25, 2025
انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی تجارت کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ریل رابطوں کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط کیا جانا چاہیے، جس سے دوطرفہ تجارت، سیاحت اور زائرین کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
صدر نے مزید کہا کہ ایران–پاکستان گیس پائپ لائن کے مسئلے کا ایک باہمی طور پر قابل عمل حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر لاریجانی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے تہنیتی پیغامات صدر زرداری تک پہنچائے۔ انہوں نے 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستانی قوم اور قیادت کی حمایت پر بھی گہری تشکر کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، سیکورٹی امور اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر علی لاریجانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی امن اور مشترکہ خوش حالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
H.E. Mr. Ali Ardeshir Larijani, Secretary, Supreme National Security Council of Iran called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif at the Prime Minister House today. Dr. Larijani is currently on an official visit to Pakistan.
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 25, 2025
While welcoming the Iranian dignitary, the Prime… pic.twitter.com/y4regfKAYV
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تجارت، توانائی، رابطوں، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر لاریجانی نے بھی پاک–ایران تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں پیش رفت کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے اصولی مؤقف، مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ اظہارِ یک جہتی اور دونوں ممالک کی دوستی کے حوالے سے ایران کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر اور ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
ڈاکٹر لاریجانی نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا، تاکہ زراعت، تجارت، مواصلات اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔






