عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جب بھی کسی مشکل کام کا بیڑا اٹھایا، اسے عملی طور پر مکمل کر کے دکھایا۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کی معاشی بہتری کے لیے مشکل مگر ناگزیر اصلاحات کو آگے بڑھا رہے ہیں، جو کسی بھی معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ اصلاحاتی عمل کو اپنایا اور اب ان اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں سخت نظم و ضبط اور مالیاتی نظم کے باعث حکومت کے پاس عوامی فلاح و بہبود کے لیے وسائل دستیاب ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے تعمیری، مثبت اور نتیجہ خیز رابطہ قائم ہے، جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اس توثیق سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت میں گامزن ہے۔ آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں، اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی حکمت عملی کو سراہ چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکومتی اقدامات کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، افراطِ زر میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے اور شرحِ سود میں بھی کمی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، جو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت اشارے سمجھے جا رہے ہیں۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ اصلاحاتی عمل اسی تسلسل سے جاری رہا تو پاکستان نہ صرف معاشی استحکام حاصل کر سکتا ہے بلکہ پائیدار ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہو سکتا ہے۔







