عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فوج کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا، بازاروں کی رونقیں بحال ہوئیں اور کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فتنۂ خوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے محب وطن افراد نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کو شکست دینے کا عزم کرلیا گیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں نے اپنے خون سے قربانیوں کی داستان لکھی۔خضدار میں بھی بچوں کو شہید کیا گیا، ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی جماعت نے ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کی اور تحریکِ انتشار وہ واحد جماعت ہے جسے شہداء کی قربانیوں اور ملکی سالمیت سے کوئی غرض نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، جب کہ شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کو میثاقِ جمہوریت کی پیشکش کی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے، ہماری قربانیاں دنیا کے امن کے لیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے جامع پالیسی متعارف کرائی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے۔
سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور عوامی روابط مضبوط ہوں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے یہ بھی بتایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی جاری ہے۔
امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔







