عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اور جامع انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ شہری پرامن ماحول میں خوشیاں منا سکیں۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور عبادت کے بعد ایک نئی روحانی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس دن ہمیں قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کو تازہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں جہاں غیر یقینی اور عدم استحکام پایا جاتا ہے، وہاں ہمارا اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عیدالفطر کے اس بابرکت موقع پر وہ پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کی خوشیوں کے باوجود ہمارے دل غزہ اور مشرق وسطیٰ میں متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں اور ان کی مشکلات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ امت مسلمہ کو مزید متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ انصاف، وقار اور پائیدار امن کو فروغ دیا جا سکے۔