تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں پارٹی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کے پیش نظر نہیں کیا گیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام کے تحت کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اس وقت تک انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی جب تک کشمیری عوام کو آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا۔

پی ٹی آئی کے مطابق آزاد کشمیر اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے، جبکہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنے دیے بیٹھے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خور و نوش کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند ہے، لہٰذا کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے ان کے مسائل کا فوری حل نکالا جانا چاہیے۔