وزارتِ خارجہ کی جانب سےجاری کردہ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولش نائب وزیرِاعظم نے وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کی، جس میں تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، محنت اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے پولینڈ کی صنعتی ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

پولینڈ کے وزیرِخارجہ نے پاکستان میں پولش سرمایہ کاری کا حجم 50 کروڑ امریکی ڈالر بتایا اور واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں مہارت کے اشتراک کی پیشکش کی۔

ترجمان وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس ہفتے وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے یو اے ای کے شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، سعودی عرب کے شہزادہ فیصل بن فرحان اور مراکش کے وزیرِخارجہ ناصر بوریطاسے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی۔

ان رابطوں میں غزہ کی صورتحال، علاقائی استحکام، دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مراکش کے وزیرِخارجہ نے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کر لی۔

دفترِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ مذاکرات کے نتائج کو علاقائی امن کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کی۔ دوحہ معاہدے کے تحت سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کی بحالی پر اتفاق ہوا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اب اگلا اجلاس 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوگا، جس میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ میکنزم پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان تصادم نہیں چاہتا، لیکن افغان طالبان سے توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ان مسودہ قوانین کی سخت مذمت کی ہے، جن کے ذریعے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پاکستان نے اسے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ اسلام آباد نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو دارالحکومت قرار دینے کے مؤقف کو دہرایا۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی حالیہ مشاورتی رائے اسرائیل پر واضح کرتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالے اور فلسطینی عوام کو ضروری سہولیات فراہم کرے۔

پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، انڈونیشیا، اردن، قطر، مصر، نائجیریا، اور دیگر ممالک نے اسرائیلی کنسٹ کی جانب سے دو متنازعہ قوانین کی منظوری کو کھلی جارحیت قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں۔

دفترِ خارجہ کے مطابق سپارکو نے پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) چین کے لانچ سینٹر سے کامیابی سے خلا میں بھیجا۔ یہ سیٹلائٹ زمین کے استعمال، زرعی مانیٹرنگ، پانی کے ذخائر اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تجزیے میں مدد دے گا۔ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی سائنسدانوں کی کارکردگی کو سراہا۔

ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں 5واں پاک-افریقہ ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس منعقد ہوئی۔ پاکستان کے وزیرِ تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کے وزیرِٹرانسپورٹ نے مشترکہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر 11 شعبوں سے 110 پاکستانی برآمدکنندگان نے شرکت کی۔

یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقدہ 19ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کے خصوصی سیکریٹری نبیل منیر نے شرکت کی۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خودارادیت کے حق سے محروم اقوام کی حمایت NAM کی بنیاد ہے۔

پاکستان نے جاپان کی نئی وزیراعظم سناے تاکائچی اور وزیرِخارجہ موتیگی توشیمیتسو کو مبارکباد دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترِخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام اور آزاد کشمیر کے قیام کی تاریخ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی اتنی ہی اہم ہیں جتنی 1947 میں تھیں۔ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔