تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے اور جاری ترقیاتی اقدامات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاسپورٹ کے بروقت اجراء اور درخواستوں کی پراسیسنگ میں بہتری سمیت مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران نادرا سینٹرز پر نئے پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرنے کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاسپورٹ کی سہولیات کو ’پاک آئی ڈی‘ موبائل ایپ سے منسلک اور مربوط کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ سے متعلق خدمات تک زیادہ آسان اور تیز رسائی فراہم کی جاسکے۔

اس کے علاوہ پاسپورٹ ڈیلیوری سروسز کے نظام کو مزید فعال اور تیز بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کو شہریوں کو درپیش آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ، طریقہ کار کو آسان بنانے اور پاسپورٹ سروسز میں مسلسل جدت و بہتری کے ذریعے شہریوں کو زیادہ مؤثر، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں پاسپورٹ سروسز کو مزید ڈیجیٹل بنانے اور شہریوں کے لیے درخواست سے لے کر پاسپورٹ کی وصولی تک کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا۔