بہاولنگر میں جماعت اسلامی کے حق دو بہاولنگر کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بہاولنگر کے کارکنان نے شدید گرمی میں طویل پیدل مارچ کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارسلان خاکوانی کی قیادت میں پورے ضلع میں لانگ مارچ کیا گیا، جو کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ نوجوانوں، ماؤں، بہنوں اور بچوں کے حقوق کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں سے ایک ہی طبقہ مختلف سیاسی جماعتیں بدل بدل کر اقتدار پر قابض رہا ہے، جس کے باعث ملک کا نظام تباہی کا شکار ہوا۔ بہاولنگر سے منتخب ہونے والے ارکانِ قومی اسمبلی بھی فارم 47 والے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوٹا کریسی، بھتہ خوری اور عوام کے حقوق غصب کرنے والے لوگ کبھی انقلاب نہیں لا سکتے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں حالیہ قانون سازی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے ارکانِ اسمبلی عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی تنخواہوں، مراعات اور سہولیات میں اضافے پر توجہ دے رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ان کا قائد جیل میں ہے، لیکن انہیں اپنی مراعات کی فکر ہے، اسی وجہ سے عوام میں مایوسی اور فرسٹریشن بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ایسا نظام قائم کیا جائے جو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرے اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے پنجاب حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی صرف اشتہارات میں دکھائی جاتی ہے، جب کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا پنجاب، دانش اسکول اور نواز شریف اسکول جیسے نام تو دیے جا رہے ہیں، لیکن آج بھی ملک کے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ان کا خاندان گزشتہ 40 سال سے اقتدار میں ہے، پھر بھی ایک کروڑ بچے اسکولوں سے باہر کیوں ہیں؟ پاکستان کے 90 فیصد نوجوانوں سے معیاری تعلیم کا حق چھین لیا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مریم نواز عوام کو دھوکا دینے کے بجائے یہ بتائیں کہ سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کیوں کیا جا رہا ہے۔ جب نجی شعبہ پہلے ہی تعلیم کے میدان میں کام کر رہا ہے تو حکومت اپنی آئینی ذمہ داری کیوں پوری نہیں کر رہی۔
انہوں نے موجودہ نظام کو 'ظلم کا نظام' قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے آگے بڑھنے کا حق چھین لیا گیا ہے، جب کہ ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔







