لاہور بورڈ میں مجموعی طور پر طالبات کی کامیابی کا تناسب 75 فیصد جبکہ طلبہ کی شرح 51 فیصد رہی۔ پری میڈیکل گروپ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 83 فیصد رہا، پری انجینئرنگ گروپ میں کامیابی کا تناسب 79 فیصد جبکہ جنرل سائنس میں مجموعی طور پر 63 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔
بہاولپور تعلیمی بورڈ کے زیرانتظام انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ امتحانات میں بھی کامیابی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جماعت نہم اور دہم کی طرح انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بھی کامیابی کی شرح 59.92 فیصد کے ساتھ 3 سال کی کم ترین سطح پر رہی۔
بہاولپور بورڈ میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 طلبہ نے امتحان دیا، جن میں سے 36 ہزار 304 طلبہ پاس جبکہ 24 ہزار 288 طلبہ فیل ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 2025 میں 63.53 فیصد جبکہ 2024 میں 60.16 فیصد تھا۔
ڈیرہ غازی خان میں انٹرمیڈیٹ امتحان 2026 میں مجموعی طور پر 59 ہزار 243 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 43 ہزار 332 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 73.14 فیصد رہا۔ طالبات نے 82.55 فیصد جبکہ طلبہ نے 63.85 فیصد کامیابی حاصل کی۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا، جہاں لڑکیوں نے میدان مار لیا۔ پہلی 7 پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ کامیابی کا تناسب 71 فیصد سے زائد رہا۔ امتحانات میں ایک لاکھ 9 ہزار 245 طلبہ نے حصہ لیا جبکہ 77 ہزار 708 امیدوار کامیاب ہوئے۔







