سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر اس تاریخی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 23 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے۔

مریم نواز شریف کے مطابق تین لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں سرکاری محکموں، ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز کے دائرہ کار میں توسیع کے ذریعے فراہم کی گئیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس، اسکولوں، ستھرا پنجاب سمیت مختلف عوامی منصوبوں کے تحت بھی بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آسان کاروبار اقدامات کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے دو لاکھ تین ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا گیا، جب کہ چار لاکھ 75 ہزار 500 براہِ راست اور بالواسطہ نوکریاں اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں سے منسلک ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومتِ پنجاب غربت کے خاتمے، جامع معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے اپنے عزم پر پوری طرح کاربند ہے۔